اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر ایک بار پھر کابینہ کا حصہ بن گئے۔ اسد عمر نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا جہاں ایوانِ صدر میں صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔ اسد عمر کو کابینہ میں منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ واضح رہےکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز اسد عمر کی کابینہ میں شمولیت کی اطلاع دی تھی جب کہ وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کرتے ہوئے انہیں پیٹرولیم کی وزارت سونپی ہے۔ وفاقی کابینہ میں اس وقت 24 وزراء مختلف قلمدانوں پر ہیں جن میں سے عمر ایوب خان کے پاس پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی قلمدان ہے جو اب خسرو بختیار کو دیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے جکہ وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا بھی امکان ہے، مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو بھی مزید ایک وزارت دی جا سکتی ہے۔ اسد عمر تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بننے والی پہلی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پیکج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے وزیر خزانہ کا قلمدان خالی ہے اور اس وقت عبدالحفیظ شیخ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ https://urdu.geo.tv/latest/208551-