وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرزعمل اختیار کیا اور اپوزیشن کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دھرنے کے خلاف اپوزیشن کی نفرت انگیزی اور دھمکیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا یہ وہی پارلیمان ہے جس میں آپ کے فرزند بیٹھے ہیں، کیا ان کی تنخواہ اور مراعات حلال اور جائز ہیں؟ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے، رہبر کمیٹی مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مؤقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور بلا تفریق احتساب کے داعی ہیں، قوم گواہ ہےکہ عدالت نے کسے صادق اور امین قرار دیا اور کون بددیانت ٹھہرا۔ https://urdu.geo.tv/latest/208659-