لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اوراسپیکر پنجاب اسمبلی نے چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور یہ اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی جس دوران وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال اور عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ساتھ ہی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہاکہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے،کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی، ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے، اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی، پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ https://urdu.geo.tv/latest/208681-