پنجاب اور سندھ میں مزید ایک ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 189 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں تین مریض صحتیاب بھی ہوئے پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی جب کہ مزید 189 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2222 تک جا پہنچی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ کورونا وائرس سے بدھ کو پنجاب میں ایک اور ہلاکت ہوئی جس کے بعد صوبے میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔ اس کے علاوہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج انتقال کرگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا مریض حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا تھا۔ ایک اور ہلاکت کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ منگل کو پاکستان میں کورونا سے 3 ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی۔ پاکستان میں اب تک ہونے والی 28 ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 10، سندھ 9، خیبرپختونخوا 6، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ پاکستان میں بدھ کو کورونا وائرس کے 189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سندھ میں 33، بلوچستان 10، گلگت میں 6، آزاد کشمیر 3 اور پنجاب میں 137 کیسز آچکے ہیں۔ پنجاب پنجاب میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 137 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 845 ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص جاں بحق بھی ہوا اور یوں صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق راولپنڈی میں 83 سالہ شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا ، کورونا وائرس سے پنجاب میں 10 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکےہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 10 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 4 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ سندھ میں بھی آج ایک اور مریض مہلک وائرس کا شکار ہوگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج انتقال کرگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا مریض حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا تھا۔ سندھ میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد709 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔ صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا کہ آج کورونا سےمتاثرہ 3 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے جن میں سے 29 کراچی، ایک حیدرآباد اور سکھر میں 23 مریض صحتیاب ہوئے۔ وزیرصحت سندھ نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں کورونا وائرس کے307 متاثرین، حیدرآباد میں 128، جیکب آباد اور دادو میں ایک ایک مریض زیر علاج ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق سکھر قرنطینہ میں 265 اور لاڑکانہ قرنطینہ مرکز میں 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت ہے جبکہ سکھر قرنطینہ میں 23 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اب تک کورونا وائرس سے سندھ میں اموات کی تعداد 8 ہے اور یہ تمام ہلاکتیں کراچی میں ہی ہوئی ہیں۔ بلوچستان بلوچستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 164 ہوگئی ہے۔ https://urdu.geo.tv/latest/217547-