کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نامور صحافیوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا الفاظ استعمال کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گالیاں دے کر صحافیوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ یا تو وہ خاموش رہیں یا خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو گالیاں دینے کے ٹرینڈز حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے ایک اور حملہ ہے، حکومت اور تحریک انصاف مخالف آوازوں کی ٹرولنگ کے بجائے کورونا پر توجہ دیں، اتنی محنت کورونا پر بیداری کے لیے کی جائے تو وقت اور وسائل کا درست استعمال ہوگا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ان غیر معمولی حالات میں ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے لہٰذا کورونا وائرس کے بدترین چیلینج سے نمٹنے کے لیے ہمیں یکجا ہونے کی ضرورت ہے، اس نازک موڑ پر فروحی سیاست اور سیاسی الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے، انسانی تاریخ کے اس بدترین بحران میں میڈیا نے دنیا بھر میں حکومتوں کو ان کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا ہے، جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جا سکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہیے۔ https://urdu.geo.tv/latest/217651-