اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق اور ارکان قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان، صلاح الدین، عثمان قادری اور صابر حسین قائمخانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، کراچی، حیدرآباد اور اندرون سندھ سے متعلق عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اتحادی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ وفد نے کورونا کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں وزیرِاعظم کے وژن کو سراہا اور کہا کہ ایم کیو ایم کوروناکی روک تھام اور ریلیف سے متعلق حکومتی کاوشوں کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نےکراچی کی ترقیاتی ضروریات، بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت اور دیگر معاملات سے وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کونظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر وترقی سے وابستہ ہے، کورونا کی وجہ سے کراچی کی عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ کورونا کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح غریب عوام کی سہولت اور ان کو آسانیاں فراہم کرنا ہے لیکن ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ ماضی میں عام آدمی کی بجائے اشرافیہ اور ایک مخصوص طبقے کو مدنظر رکھ کر پالیسی سازی کی جاتی رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ https://urdu.geo.tv/latest/221538-