مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت کورونا حکمت عملی پر ایک کاغذ بھی پیش نہ کر سکی۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ حکومت نہ سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور نہ ہی اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن کے ساتھ مذاق کیا گیا، لاک ڈاؤن کی جتنی قسمیں پاکستان میں ایجاد ہوئیں کسی ملک میں نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کو بنا دیا گیا ہے، بولو ناں، لکھو ناں اور پوچھو ناں، اگر بولو گے، لکھو گے، پوچھو گے تو قومی احتساب بیورو (نیب) پکڑلے گا۔ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ دے، ورنہ اس کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چینی چوری کی تحقیقات پر اب تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ کرپشن کے مگر مچھ تو وزیر اعظم کی چھتری تلے بیٹھے ہیں۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گی،صوبوں کی مضبوطی وفاق کی مضبوطی ہے۔ https://urdu.geo.tv/latest/221686-