جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سینیٹ میں پیش کیے جانے والے اقوام متحدہ سلامتی کونسل انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ بل کی مخالفت کر دی۔ جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے مؤقف کو کیوں سنا نہیں جاتا، کیا ہم ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے ترامیم لاکر حکومت کو راستہ دینا اپوزیشن کی کمزوری ہے، دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں سے گلہ ہے ، دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے اپوزیشن کا ساتھ نہیں دیا اور حکومت کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے بعد ہم اپوزیشن کے ساتھ فلور پر ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں، حکومت کوجے یو آئی ف کو نظر انداز کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سینیٹر عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس بل کے ساتھ نہیں ہیں، کسی کمیٹی میں جمعیت علمائےاسلام کو شامل نہیں کیا گیا، ہم اقوام متحدہ کی آنکھیں بند کر کے حمایت نہیں کر سکتے۔ https://urdu.geo.tv/latest/227788-