مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اتحادیوں میں اختلاف پیدا کرنے کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی ، انشاء اللہ حکومتی اتحادی ہیں اور رہیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیاسی حقیقتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیشہ درست بات کی ہے، نوازشریف کے معاملے پربھی جو کہا عمران خان کے فائدے کے لیے کہا۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ دھرنے کے دوران بھی ٹکراؤ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لیے فضل الرحمان سے رابطے کیے،جو درست ثابت ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھرنوں میں امن وامان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام 'جرگہ 'میں اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں چوہدری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ’انڈر اسٹینڈنگ‘ کے تحت اسلام آباد مارچ ختم کیا ، معاملات طے ہونے کے بعد مولانا اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے 'جرگہ' میں انٹرویو کے دوران کسی بھی ڈیل یا مفاہمت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے ق لیگ کی حکومت کے اتحادی ہونے کی پرانی پوزیشن برقرار نہیں رہی ہے اور چوہدری پرویز الٰہی ان کے موقف کے قائل ہو کرگئے ہیں۔ https://urdu.geo.tv/latest/208446-