سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے لیے لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔ میاں نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔ ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا جس کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔ نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعظم کو لے کر ائیر ایمبولینس پہلے قطر کے شہر دوحہ پہنچے گی جہاں کچھ دیر قیام کے بعد لندن کے لیے روانگی ہوگی۔ ذرائع کا کہناہےکہ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم کے لیے ایک کمرہ بک کرلیا گیا جہاں نوازشریف ابتدائی طور پر قیام کریں گے۔ مریم نواز والد کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔ سابق وزیراعظم کو لینے کے لیے آنے والی قطر ائیرویز کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ائیر ایمبولینس صبح پونے 9 بجے کے قریب لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچی تھی، ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے جب کہ اس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ائیر ایمبولینس میں آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے۔ ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ہے، ائیر ایمبولینس قطر کی ہے جو ائیر بس طیارے میں بنایا گیا ہے، ائیر ایمبولینس میں اسٹریچر کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہوتا ہے اور یہ ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے۔ ’نوازشریف کو اسٹرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئیں‘ نوازشریف کی روانگی سے قبل مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ائیرایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت موجود ہے، سفر پر روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں دوران سفر خطرات سے بچانے کےلیے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ نے اجازت کا میمورنڈم جاری کردیا وزارت داخلہ نے لاہورہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد نوازشریف کو ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے دینے کا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔ میمورنڈم کے مطابق عبوری انتظام کےتحت نوازشریف کوباہرجانےکی ایک بار اجازت دینےکافیصلہ کیاگیا ہے اور انہیں 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہورہائی کورٹ کے حکم پردی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے میمورنڈم میں شہبازشریف اور نوازشریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے بیان حلفی کا بھی حوالہ شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے۔ ’نواز شریف فیصلےکی مصدقہ کاپی دکھا کر باہر جاسکتے ہیں‘ اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی مصدقہ کاپی امیگریشن میں دکھا کر ملک سے باہر جاسکتے ہیں۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی مصدقہ کاپی امیگریشن میں دکھا کر نواز شریف ملک سے باہر جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری میں کیس کی سماعت ہوگی جب کہ اجازت میں توسیع مختلف شرائط پر بھی ہوسکتی ہے اور اس کے لیے کے لیے عدالت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیکل رپورٹ کےعلاوہ دیگر شرائط اور پیسےجمع کرانے یا بونڈ پربھی قیام میں توسیع ہوسکتی ہے۔ https://urdu.geo.tv/latest/208530-