پاکستان مسلم لیگ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018 میں کراچی کے ووٹوں پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا،ن لیگ کو ووٹ دیں تو کراچی کو لاہور سے زیادہ چمکا دیں گے۔ کراچی کے دو روزہ دورے پر آئے ن لیگ کے وفد میں شامل احسن اقبال نے مزار قائد کے باہر کارکنان سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں جھوٹے کیسوں میں نیازی نے جیل میں ڈالا تاکہ ہماری آواز دبائی جاسکے، حمزہ اور دیگر رہنما آج بھی جیل میں ہیں۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی کی روشنیاں بحال کیں، آج اسی کراچی کی روشنیاں پھر ماند پڑ گئی ہیں۔ احسن اقبال نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شروع کیے گیے منصوبے ختم کردیے گئے، گرین لائن منصوبہ اب تک نامکمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 ملین گیلن پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی رکا ہوا ہے، 2018ء میں کراچی کے ووٹوں پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا۔ کراچی شہر میں موجود مسلم لیگ ن کے کار کنان سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے شیر اب اور بھی بہادر ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ن لیگ کے وفد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت سے بھی ملاقات کی ہے۔ https://urdu.geo.tv/latest/215687-