پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ میں خیبرپختونخوا سے خالی ہونے والی نشست جیت لی۔ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر خانزادہ خان نے اپنے بیٹے ذیشان خانزادہ کی حکمران جماعت تحریک انصاف میں شمولیت کے ایک روز بعد ہی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ خانزادہ خان خیبر پختونخوا سے مارچ 2015 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہیں مارچ 2021 میں سینیٹر شپ سے ریٹائر ہونا تھا۔ تاہم اب سینیٹ کی اسی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے موقع پر تحریک انصاف نے ذیشان خانزادہ کو ٹکٹ دیا اور اس حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔ خیبرپختونخواسمبلی سے سینیٹ ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں اور انہوں نے 104 ووٹ حاصل کیے۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق اپوزیشن کے فرزند علی کو 31 ووٹ ملے، 4 ووٹ مسترد کیے گئے۔ کے پی اسمبلی کے 145 ارکان میں سے 139 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، ووٹنگ کے دوران جماعت اسلامی کے 3 ارکان سینیٹ الیکشن سے لاتعلق رہے جبکہ 3 ارکان اسمبلی بیرون ملک ہونے کے سبب ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔ https://urdu.geo.tv/latest/209009-