لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لاہور کے پولو کلب میں میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ یکم جولائی کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان روایتی سیاستدان نہیں ہیں، بلاول بھٹو حکومت تو نہیں گراسکتے لیکن مجھے ڈر ہے خود ہی نہ گرجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن خود نہیں جانتے کس کی بات کررہے ہیں، وہ جو دل کرتا ہے کہہ دیتے ہیں لہٰذا انجوائے کیا کریں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آرہی ہے اور لوگ خوش ہیں، دوسرے ممالک سے بھی لوگ پاکستان آرہے ہیں جس سے ملک کا امیج بہتر طور پر ابھر رہا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ نااہل اور نالائق لوگ حکومت کے قابل نہیں، یہ تو آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی نہیں کرسکتے، عوامی نمائندے ہی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرسکتے ہیں۔ https://urdu.geo.tv/latest/215883-